نئی دہلی ۔15 ۔ دسمبر (پی ٹی آئی) چینی سپاہیوں نے لداخ کے چومار علاقہ میں ہندوستانی حدود میں 5 ہندوستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے اور انہیں اپنے ساتھ سرحد کے اس پار لے گئے ہیں ۔ یہ حقیقی خطہ قبضہ پر ایسا پہلا واقعہ ہے ۔ ذرائع نے دہلی میں پی ٹی آئی کو بتایا کہ 5 افراد کو چینی فوج نے دونوں ملکوں کے درمیان مروجہ میکانزم کے تحت کی گئی کوششوں کے بعد
ہندوستان کے حوالہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان 5 ہندوستانی شہریوں کو چینی سپاہیوں نے ہندوستانی علاقہ میں 5 کلو میٹر اندر ان کے مویشیوں کے ساتھ گرفتار کیاتھا اور علاقہ پر اپنا ادعا پیش کرنے کیلئے حقیقی خطہ قبضہ پر واقع ان کے کیمپ لے گئے تھے ۔ آرمی ہیڈ کوارٹر نے اس واقعہ کو نظر انداز کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کو خوشگوار انداز میں حل کرلیا گیا ہے ۔